18 نومبر 2026 - 16:49
نعیم قاسم: آیت اللہ وحید خراسانی نے اپنی پوری زندگی اسلام اور مکتبِ ولایت کی خدمت کے لیے وقف کر دی

حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی کے انتقال پر حوزہ ہائے علمیہ قم، عالمِ تشیع، تمام اہل ایمان اور ایرانی قوم سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی علمی اور دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے ایک تعزیتی پیغام میں آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی کے انتقال پر حوزہ ہائے علمیہ قم، دنیا بھر کے حوزہ ہائے علمیہ، تمام اہل ایمان اور ایرانی قوم سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اس عظیم دینی مرجع کی علمی و دینی خدمات کو سراہا۔

شیخ نعیم قاسم کے تعزیتی پیغام کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

اِنّا لِلّٰہِ وَاِنّا اِلَیْہِ رَاجِعُونَ

میں اپنی اور حزب اللہ کی جانب سے اہل بیت (ع) کے فقیہ اور دینی مرجع آیت اللہ العظمیٰ شیخ وحید خراسانی (قدس سرہ) کے انتقال پر حوزہ علمیہ قم المقدسہ، تمام حوزہ ہائے علمیہ اور تمام اہل ایمان کی خدمت میں دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔

مرحوم آیت اللہ وحید خراسانی نے اپنی پوری زندگی اسلام اور مکتبِ ولایت کی خدمت میں گزاری اور حق کے راستے کا پوری قوت سے دفاع کیا۔

انہوں نے اپنی علمی تحقیقات، دروس اور تصانیف کے علاوہ ایسے علما کی صورت میں بھی ایک عظیم علمی ورثہ چھوڑا ہے جنہوں نے ان کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کیا۔ یہ ایسا علمی سرمایہ ہے جس کے آثار اور برکات ان کے انتقال کے بعد بھی جاری رہیں گے۔

ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ اس عظیم مرجع کے درجات بلند فرمائے اور انہیں حضرت محمد مصطفیٰ (ص) اور ان کے پاکیزہ اہل بیت (ع) کے ساتھ محشور فرمائے۔

اسی طرح ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں ان کے معزز خاندان، حوزہ ہائے علمیہ، ایرانی قوم اور تمام اہل ایمان کے لیے اجر عظیم کے طلب گار ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha